کینگ؍مغربی بنگال ،20؍ستمبر (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )جموں و کشمیر کے اڑ ی میں اتوار کو ہوئے دہشت گردانہ حملے میں شہید ہوئے سپاہی بسوجیت گھارئی کی آج مکمل سرکاری اعزاز کے آخری رسوم اداکی گئی ۔علاقے میں بارہ جوانوں کی طرف سے بندوق سے سلامی دئیے جانے کے درمیان، 22سالہ شہید کی ماں ریکھا گھارئی بیہوش ہو گئیں۔وہ شری دھام گاؤں سے آخری رسوم اداکرنے والی جگہ پر آئی تھیں۔شہید کے والد اور پیشے سے کسان ربیند رناتھ گھارئی نے بمشکل اپنے جذبات پر قابو پاتے ہو ئے کہاکہ میرا چھوٹا بیٹا ملک کے وقار کا دفاع کرتے ہوئے شہید ہوگیا، ہمیں بہت افسوس ہے لیکن ملک کی سیکورٹی بہت زیادہ اہم ہے۔پاس کے علاقوں کے ہزاروں لوگ اس علاقے میں جمع ہوئے جہاں شہید کے جسد خاکی کو کولکا تہ سے ایک ہیلی کاپٹر کے ذریعہ یہاں لایا گیا۔میجر ایس کے مہاپاترا کی قیادت میں 50جوانوں کی ایک ٹیم گھارئی کے جسد خاکی والے تابوت کے ساتھ یہاں پہنچی ۔ریاستی حکومت کی جانب سے، فائر اور ایمرجنسی سروس اور ماحولیات کے وزیر شوبھان چٹرجی نے ترنگے میں لپیٹے تابوت پرگلہائے عقیدت پیش کیا ۔چٹرجی نے کہا کہ وہ حکومت کو صلاح دیں گے کہ قریب کے عارضی فائر اسٹیشن کا نام بسوجیت گھارئی کے نام پر رکھا جائے۔آنجہانی سپاہی کے خاندان میں ان کے والدین، ایک بھائی اور ایک بہن ہیں۔